فارم 47 کی حکومت ملازمین کے حقوق سلب کر رہی ہے، چھاپے اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان گرینڈ الائنس وفد کی پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد۔ وفد میں پیرامیڈیک کے صوبائی صدر شفا مینگل، سینئر نائب صدر سید امین بشر، در محمد ، قائم خان ،ارباب نصراللہ ، رشید زہری ،صاحب جان کاکڑودیگر شامل تھے۔ وفدنے پشتونخوامیپ کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان ،صوبائی ایگزیکٹیوز ملک عمر کاکڑ، صورت خان کاکڑکو گرینڈ الائنس کے خلاف حکومتی کریک ڈائون ، گرفتاریوں ، چھاپوں اور اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ سے آگاہ کیا۔ پشتونخوامیپ ،بلوچستان گرینڈالائنس کی برحق قانونی آئینی جدوجہد کو ریاستی طاقت کے ذریعے سبوتاژ کرنے اور گرینڈ لائنس کے رہنمائوں کے خلاف چھاپوں ، درجنوں رہنمائوں کی گرفتاریوں ، چادر اور چار دیواری کی پائمالی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔دوران ڈیوٹی سکولوں ، کالجز ،ہسپتالوں، اداروں اوردفاتر میں چھاپے مارنے کا عمل انتہائی ناروا اور قابل مذمت ہے ۔ عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ اس وقت صوبے میں فارم47کی مسلط غیر جمہوری اور غیر آئینی حکومت عوام کے سیاسی جمہوری آئینی حقوق پر قدغنوں کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کے آئین میں تسلیم شدہ حقوق سے انحراف کررہی ہیں جس کی وجہ سے صوبے کے ہزاروں ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی گرینڈ الائنس برحق احتجاج کے تمام آئینی اور جمہوری مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔سرکاری ملازمین تمام ملک اور خصوصاً ہمارے صوبے کے سرکاری ملازمین اور عوام کو جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے صف بندی میں جمہوری قوتوں کا ساتھ دینا ہوگا اور یہی ملک اور اس کے عوام کے لیے بہترین راستہ ہے۔
