امریکہ میں دو بھارتی کو کوکین اسمگل کرنے پرگرفتار کرلیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی ریاست انڈیانا میں پولیس نے دو بھارتی نژاد ٹرک ڈرائیورز کو 309 پونڈ (تقریباً 140 کلوگرام) کوکین اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا، جس کی مالیت تقریباً 70 لاکھ ڈالر بتائی جا رہی ہے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق یہ مقداراتنی زیادہ تھی کہ ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد امریکیوں کی جان لے سکتی تھی، واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جب ہائی وے انسپیکشن کے دوران پولیس نے ایک سیمی ٹرک کی تلاشی لی۔
منشیات سونگھنے والے کتے (اسنیفر ڈاگ) نے ٹرک کے سلیپر برتھ میں چھپی منشیات کی نشاندہی کی، جس کے بعد اہلکاروں نے کمبل میں چھپے متعدد گتے کے ڈبے برآمد کیے جن میں کوکین موجود تھی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتارکرکے جیل منتقل کردیا گیا ہے، انڈیانا اسٹیٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ کے سنگین فوجداری الزامات عائد کئے گئے ہیں اوران پرڈی پورٹیشن ہولڈ بھی لگا دیا گیا ہے۔
واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی حکام غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کر رہے ہیں اور کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
