پنجاب پولیس کی غنڈہ گردی، محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کے قافلے پر حملہ، پشتونخواہ میپ کا شدید رد عمل

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے معلوم، نامعلوم عناصر بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں میں آکر اور ان کی سرپرستی میں بننے والی پنجاب حکومت و بدنامِ زمانہ پنجاب پولیس نے ایک بار پھر اپنی بلیک شرٹس والی روش دہراتے ہوئے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے عظیم جمہوری قائد پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر اور مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کے سیاسی جمہوری قافلے پر حملے اور گاڑیوں کے شیشے توڑنے اور راستے میں روڑے اٹکانے کے غیر سیاسی غیر جمہوری اور ناروا عمل کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی قیادت میں لاہور کی جانب روانہ ہونے والے قافلے کے استقبال کے لیے مختلف مقامات پر جمع کارکنان، جن میں منتخب عوامی نمائندے (ایم این ایز اور ایم پی ایز) بھی شامل تھے،اداروں کے سادہ وردی اور باوردی پولیس نے پر امن جمہوری قافلے پر غیر انسانی، غیر اخلاقی تشدد ان کے کھوکھلے پن کی کھلی مظہر ہے جسے تمام ملک نے دیکھ لیا ہے۔ملک کے متفقہ آئین و قانون کو پہلے سے پائمال کرچکے ہیں اور عوام کی متفقہ آئین کی بحالی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہور کی حکمرانی اور ملک کو قوموں کی برابری کا حقیقی جمہوری فیڈریشن اور عوامی مینڈیٹ کو زروزور کے فارم 47کے ذریعے بدلنے والی حکومتوں کے خاتمے اور تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی تک جدوجہد جاری رہے گی ا ور حکومت کی رکاوٹیں ریت کے ٹھیلے ثابت ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی اس بدترین جبر، تشدد اور بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ جعلی وفاقی اور پنجاب کی کٹھ پتلی حکومتوں کی متشددانہ اور غیر آئینی وجمہوری رویے کا کھلی مظہر ہے۔ جس کا سامنا مستقبل میں غیر منتخب وفاقی اور صوبائی حکومت کے نام نہاد نمائندوں کو بھی ہوسکتا ہے۔ دن دھاڑے ازل خان اچکزئی، راجہ مصطفی حیدر اور دیگر سیاسی کارکنوں کو زبردستی اٹھانے کی کارروائی سٹیبلشمنٹ کے کھوکھلے پن اور خالی الذہن ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔ بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سیاسی جمہوری تحریک کابھونڈے طریقے سے راستہ روکنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج عوام پر مسلط حکومت کے لیے نشان عبرت بن جائیگی اور عوام کو سیاسی جمہوری پر امن احتجاجی تحریک کا ساتھ دینا ہوگا۔ 8فروری2026 کو تمام ملک میں پہیہ جام اور شٹرڈان ہڑتال کو کامیاب بنانا تمام عوام کے سیاسی جمہوری فرائض میں شامل ہیں۔
