کوئٹہ میں مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کی شامت، 18 ہوٹلز اور فاسٹ فوڈ سینٹرز کو بھاری جرمانے


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ہوٹلوں، فاسٹ فوڈ کارنرز اور پیزا پوائنٹس کے خلاف خصوصی انسپیکشن مہم جاری ہے۔ مہم کے دوران کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر مزید 22 کھانے پینے کے مراکز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مجموعی طور پر شہر کے مختلف علاقوں میں 71 فوڈ پوائنٹس کی تفصیلی انسپیکشن کی گئی اور اس دوران سنگین خلاف ورزیوں پر 18 ہوٹلوں، ایک پیزا پوائنٹ اور دو فاسٹ فوڈ کارنرز مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔کارروائیوں کے دوران ناقص صفائی، خراب اور بار بار استعمال ہونے والے کوکنگ آئل، مضر صحت رنگوں، ممنوعہ چائنیز نمک اور غیر معیاری اجزا کے استعمال جیسے سنگین نقائص سامنے آئے۔ اس کے علاوہ غیر صحت بخش اسٹوریج، کیڑوں مکوڑوں کی روک تھام کے ناقص انتظامات اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بھی سخت ایکشن لیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ متعدد جرمانہ شدہ فوڈ پوائنٹس بغیر فوڈ بزنس لائسنس کے کام کرتے پائے گئے جبکہ بعض مراکز میں استعمال شدہ کوکنگ آئل اور چائنیز نمک کا مسلسل استعمال بھی ریکارڈ پر آیا۔ مزید برآں معمولی نوعیت کی خامیوں پر 21 فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں تاکہ مقررہ مدت میں نقائص دور کیے جا سکیں۔ انسپیکشن ٹیموں نے کچلاک بائی پاس، پرنس روڈ، ہزارہ ٹان، ہزار گنجی، سیٹلائٹ ٹان، پشتون آباد اور ائیرپورٹ روڈ پر قائم ریسٹورنٹس و دیگر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی۔

WhatsApp
Get Alert