زیارت میں زمینی تنازعہ خونی تصادم میں بدل گیا، فائرنگ سے 4 افراد زخمی، 3 کی حالت تشویشناک

زیارت(ڈیلی قدرت کوئٹہ )زیارت کے علاقے کلی منڑہ میں دو گروپوں کے درمیان زمینی تنازعے پر تصادم ہوا، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس واقعے میں چار افراد زخمی ہوئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال زیارت منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی افراد بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے۔ اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حالات کو قابو میں کر لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تصادم کی وجہ دونوں گروپوں کے درمیان زمینی تنازعہ بتائی جا رہی ہے۔
