گرینڈ الائنس کے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں، حکومت ہوش کے ناخن لے، ملازمین کے ساتھ کھلی ناانصافی برداشت نہیں کریں گے: نصراللہ زیرے

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور صوبائی سیکریٹری فقیر شاہل کاسی نے گرینڈ الائنس کے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں، گرفتاریوں، پرامن احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف طاقت کے استعمال اور ملازمین کی معطلی کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام گرفتار سرکاری ملازمین کو فوری طور پر رہا کیا جائے، ان کے خلاف قائم کیے گئے تمام مقدمات فی الفور واپس لیے جائیں، معطلی کے احکامات ختم کیے جائیں اور ملازمین کے تمام مطالبات بلا تاخیر تسلیم کیے جائیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سرکاری ملازمین ریاستی مشینری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، لیکن موجودہ کمر توڑ مہنگائی کے دور میں ان کے لیے باعزت زندگی گزارنا اور سفید پوشی کا بھرم قائم رکھنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی تھی کہ وہ ملازمین کے معاشی مسائل کو سنجیدگی سے حل کرتی اور ان کی تنخواہوں میں کم از کم سو فیصد اضافہ کیا جاتا، مگر اس کے برعکس حکومت نے ڈی آر اے (Disparity Reduction Allowance) سمیت دیگر مطالبات پر کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد سے دانستہ گریز کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے نام پر سرکاری ملازمین کو محض وقتی تسلی دے کر ان کا احتجاج ختم کروایا، لیکن بعد ازاں وعدوں کی پاسداری نہ کر کے انہیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف غیر جمہوری ہے بلکہ ملازمین کے ساتھ کھلی ناانصافی کے مترادف ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ صوبہ پہلے ہی بدامنی، معاشی بدحالی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی شدید کمی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں سرکاری ملازمین کا دوبارہ احتجاج پر آنا کسی طور بھی صوبے اور عوام کے مفاد میں نہیں، جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار ملازمین کو فوری طور پر رہا کیا جائے، ان پر قائم تمام مقدمات واپس لیے جائیں، معطلی کے احکامات منسوخ کیے جائیں اور ڈی آر اے سمیت سرکاری ملازمین کے تمام مطالبات پر کیے گئے معاہدوں پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سرکاری ملازمین کی اس جائز، آئینی اور پرامن جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور ہر فورم پر ان کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔
