مکران کوسٹل ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، تیز رفتار کوچ نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا، لاڑکانہ کا رہائشی جاں بحق


اورماڑہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر کوچ اور موٹر سائیکل میں تصادم، ایک شخص جاں بحق مکران کوسٹل ہائی وے پر سر بٹ کے مقام پر موٹر سائیکل اور مسافر کوچ کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے نواحی علاقے سر بٹ کے مقام پر ایک تیز رفتار مسافر کوچ اور موٹر سائیکل میں زوردار ٹکر ہوئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل سوار سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کوسٹل ہائی وے پولیس نے MERC ریسکیو 1122 اورماڑہ سینٹر کو مطلع کیا۔ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا تاہم شدید زخمی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پہلے ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت فیض محمد بروہی کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے بتایا جاتا ہے۔ ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی کے بعد نعش کو رورل ہیلتھ سنٹر اورماڑہ منتقل کر دیا۔

WhatsApp
Get Alert