کوئٹہ میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا، علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن کے مکین سڑکوں پر نکلنے کو تیار، 14 جنوری کو دھرنے کا اعلان

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) نیشنل پارٹی عملدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن کے زیرِ اہتمام علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن میں گیس پریشر کی شدید کمی اور سوئی گیس کمپنی کے ناروا رویّے کے خلاف ایک پُرامن احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کے مطابق یہ احتجاج بدھ 14 جنوری 2026 کو صبح 11 بجے سوئی گیس آفس، سمنگلی روڈ کے سامنے منعقد کیا جائے گا۔ دھرنے کا مقصد عوام کو درپیش گیس کی مسلسل بندش اور کم پریشر جیسے سنگین مسئلے کی جانب حکام کی توجہ مبذول کرانا ہے۔پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ شدید سردی میں گیس کی عدم فراہمی عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے، جبکہ سوئی گیس کمپنی اور نااہل صوبائی حکومت اس بنیادی مسئلے کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔اس احتجاجی دھرنے کی قیادت ممبر سینٹرل کمیٹی نیشنل پارٹی ڈاکٹر محمد رمضان ہزارہ کریں گے، جبکہ پارٹی کے دیگر سینئر رہنما اور کارکنان بھی بھرپور شرکت کریں گے۔نیشنل پارٹی نے علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے گھروں سے نکلیں اور اس پُرامن دھرنے میں شرکت کر کے یہ ثابت کریں کہ عوام اپنے حقوق لینا جانتی ہے۔پارٹی قیادت نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور کسی بھی صورت عوام کے مسائل کو نظرانداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔
