پی ٹی آئی نے 8 فروری کو نئے فساد کا پروگرام تیار کیا ہے: عظمیٰ بخاری کا دعویٰ

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 8 فروری کو نئے فساد کا پروگرام تیار کیا ہے۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گردی اور فساد سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی، ان کی سیاست لوگوں کو اکسانے پر ہی ہے۔ریڈیو پاکستان پر حملے کی فرانزک رپورٹ میں ان کے چہروں اور آواز کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اپنے جرم نہ ماننا پی ٹی آئی والوں کی پرانی عادت ہے، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کراچی کی سیر پر تھے، ہمیشہ کی طرح انہوں نے میڈیا سے بدتمیزی کی۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات میں پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ سزائیں کاٹ رہے ہیں، یہ فسادی لوگ ہیں فساد کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔یہ لوگ سیاست کو بدنام کر رہے ہیں، ان کی سیاست لوگوں کو اکسانے پر ہی ہے۔
