کوئٹہ میں کسٹم اور پولیس کی لوٹ مار، تاجروں کا معاشی قتل عام برداشت نہیں کریں گے:پشتونخوا میپ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری حاجی صورت خان کاکڑ،عبیداللہ اچکزئی اور دیگر نے کوئٹہ نیو اڈا سرکی روڈ کے تاجروں کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجروں نے گزشتہ رات نیو اڈا سرکی روڈ پر کسٹم اور فورسز کے ناروا چھاپوں کے حوالے سے بات کی۔ اس موقع پر پر پشتونخوامیپ کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے کہا کہ صوبے سے باہر کے کسٹم آفیسران اور سپاہیوں کو خصوصی طورپر کوئٹہ لایا گیا ہے تاکہ پشتونوں کے دکانوں، کاروباری مراکز پر چھاپے مارے جاسکیں۔ پشتونخوامیپ کسٹم اور فورسز کے ان ناروا چھاپوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور عوام کی تائید وحمایت سے پشتونخوامیپ تاجروں اور کاروباری طبقے کے مفادات کا بھرپور دفاع کریگی۔ اورکوئٹہ شہر میں پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے زرنج گاڑیوں، مزدا بسوں پر پابندی لگانے، چوکوں،شاہراہوں پر عوام کو تنگ کرنے کے خلاف پشتونخوامیپ خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم نے ہزار گنجی، بائی پاس، سریاب روڈ، نیو اڈا، سرکی روڈ پر مسلسل چھاپے مارے ہیں اور عوام کو اربوں روپے نقصانات سے دوچار کررکھا ہے۔ سرحدی علاقوں میں کسٹم کلیرئنس کے بعد شہروں، شاہراہوں، بازاروں، مارکیٹوں پر کسٹم ودیگر فورسز کے چھاپے غیر آئینی، غیر قانونی ہیں۔اور یہ تمام چھاپے دراصل لوٹ مار، کرپشن وکمیشن، پرسنٹ کے لیے مارے جارہے ہیں۔
