بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، وفاق کے دل میں بلوچستان بستا ہے، صحت و تعلیم کے منصوبے ترجیح ہیں: اسپیکر ایاز صادق
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات۔

اسلام آباد (ڈیلی قدرت کوئٹہ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اہم ملاقات کی جس میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان ان کے دل کے قریب ہے اور پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں خواتین اور نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ اور سماجی ترقی پر خصوصی زور دیا۔ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بلوچستان میں انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے منصوبوں کا فوری اور مؤثر نفاذ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کی فلاح و ترقی کو قومی ترجیح قرار دیا۔ ملاقات میں وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفد نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا جبکہ قومی اسمبلی کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے اور وفاقی و صوبائی اداروں میں روابط کے فروغ پر اسپیکر کے کردار کی تعریف کی۔
