ایران میں حالات خراب، پاک ایران بارڈر پر ہو کا عالم، تجارت بند، پاکستانی طلباء کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری

گوادر(ڈیلی قدرت کوئٹہ ) ایران میں موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث پاک ایران سرحد پر غیر معمولی حالات پیدا ہو گئے ہیں اور سرحدی تجارتی و سفری نظام مکمل طور پر معطل ہو چکا ہے۔ تاہم، پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل نگرانی میں جاری ہے۔ذرائع کے مطابق گوادر سے متصل بارڈر پلر نمبر 250 کے راستے گزشتہ دو دنوں میں 134 پاکستانی شہری پاکستان پہنچے ہیں، جن میں 88 طلبہ بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے بتایا کہ ایران میں غیر یقینی صورتحال کے باعث سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور عام آمد و رفت بند ہے، لیکن پاکستانی شہریوں کی واپسی کو مرحلہ وار اور منظم انداز میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ ایران میں موجودہ کشیدہ حالات کی وجہ سے طلبہ اور دیگر شہریوں کی وطن واپسی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق تمام واپسی کا عمل مکمل نگرانی اور حفاظت کے ساتھ جاری ہے تاکہ کسی بھی قسم کی غیر یقینی صورتحال سے بچا جا سکے۔اس اقدام سے ایران میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سرحدی سیکیورٹی کے انتظامات بھی مضبوط کرنے میں مدد ملی ہے۔
