سہیل آفریدی نے کراچی دورے میں 9 مئی جیسی بدنظمی کی کوشش کی، شرجیل میمن

کراچی (قدرت روزنامہ) سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے کراچی دورے کے دوران 9 مئی جیسے واقعات کو دہرانے کی کوشش کی گئی۔
پریس کانفرنس میں شرجیل میمن نے الزام لگایا کہ دورے سے پہلے سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع دی گئی تھی اور مناسب سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا، لیکن طے شدہ روٹس اور مقامات کی خلاف ورزی کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران پولیس پر پتھراؤ، میڈیا کی گاڑیوں کو نقصان اورصحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات بھی پیش آئے۔
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ سکیورٹی صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھا کر بدنظمی پیدا کی گئی تاہم سندھ حکومت نے تحمل کا مظاہرہ کیا اورکسی رہنما کے خلاف ایف آئی آردرج نہیں کی گئی۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پختونخوا پر بھی تنقید کی اورکہا کہ الزام عائد کرنا کہ حکومت سندھ نے آپ کو روکا یا ٹریفک میں روکا، کسی فائدے کا باعث نہیں بنا۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کو جو عزت دی گئی تھی، اس کا احترام نہیں کیا گیا اور ہماری شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا۔
یہ پیش رفت دونوں صوبوں کے تعلقات میں تناؤ کا باعث بن سکتی ہے جبکہ سیاسی حلقوں میں اس واقعے پر بحث جاری ہے کہ آیا آئندہ بھی ایسے دورے تنازعات کا سبب بن سکتے ہیں یا نہیں۔
