بجلی بلوں میں ہیرا پھیری ختم، موبائل پر ریڈنگ چیک کریں، کیسکو نے جدید سمارٹ میٹرز لگا دیے، عوام کیلئے بڑی خوشخبری


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) نے صارفین کو ریلیف دینے اور بلنگ کے نظام کو شفاف بنانے کیلئے جدید آٹومیٹک میٹر ریڈنگ (AMR) سمارٹ میٹرز کی تنصیب کا کام تیز کر دیا ہے جس کے بعد اب غلط ریڈنگ اور اضافی بلوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئر یوسف شاہ خان کی سربراہی میں جاری اس منصوبے کے تحت اب تک صوبے بھر میں 2934 سمارٹ میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں، جن میں کوئٹہ میں 1340، خضدار میں 438، سبی میں 378، مکران میں 292، لورالائی میں 283 اور پشین میں 203 کنکشنز شامل ہیں۔
ان جدید میٹرز کی خاص بات یہ ہے کہ صارفین اپنے موبائل ایپ کے ذریعے کسی بھی وقت اپنی ریڈنگ چیک کر سکیں گے جبکہ یہ سسٹم بجلی چوری اور میٹر ٹمپرنگ کی فوری نشاندہی بھی کرے گا۔ کیسکو حکام نے بتایا کہ اس نظام سے میٹر ریڈنگ میں انسانی غلطی کی گنجائش ختم ہو جائے گی اور صارفین کو بروقت درست بل ملیں گے، اس لیے تمام صارفین سے اپیل ہے کہ وہ ان میٹرز کی تنصیب میں کیسکو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

WhatsApp
Get Alert