بلوچستان کے پسماندہ ضلع واشک میں صحت کے نظام کی سنگین غفلت اور لوٹ مار ، واشک میں کروڑوں روپے کی سرکاری ادویات چوری، ڈی ایچ او رنگے ہاتھوں گرفتار

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )بلوچستان کے پسماندہ ضلع واشک میں صحت کے نظام کی سنگین غفلت اور لوٹ مار کا ایک اور اسکینڈل سامنے آیا ہے، جہاں ضلع کے ڈی ایچ او کو سرکاری ادویات بلیک مارکیٹ میں فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایچ او واشک رات تقریبا 3 بجے سرکاری گاڑی میں 30 کاٹن مہنگی سرکاری ادویات کوئٹہ منتقل کر رہے تھے جن کی مجموعی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ یہ ادویات واشک کے غریب مریضوں کے لیے مختص کی گئی تھیں جنہیں بلیک مارکیٹ میں فروخت کرنے کی کوشش کی گئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران تمام ادویات پولیس کے قبضے میں لے لی گئیں، تاہم نیو سریاب تھانہ نے ابھی تک ڈی ایچ او کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی، جس پر عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔
