متنازع ٹوئٹ کیس: ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منسوخ، گرفتاری کا حکم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مقامی عدالت نے متنازع ٹوئٹ کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منسوخ کر دی اور دونوں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا، جبکہ جرح کا حق بھی ختم کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازع ٹوئٹس کیس کی سماعت ہوئی، جہاں ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ایمان مزاری گواہ شہروز پر خود جرح کرنا چاہتی ہیں۔
🚨🚨#BREAKING: In an unusual development, additional district & session judge Afzal Majoka cancelled bail of @ImaanZHazir (who is suffering from severe flu and seeks adjournment on medical grounds) and @AdvHadiali and ordered to arrest/present them before court at 1:30pm today. pic.twitter.com/oWLsKH4Bo6
— Asad Ali Toor (@AsadAToor) January 15, 2026
سماعت کے دوران جج افضل مجوکا نے واضح کیا کہ اگر گواہ پر جرح مکمل نہ کی گئی تو جرح کا حق ختم کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم گجر بھی عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ پیر کی تاریخ دے دی جائے، اس کے بعد کوئی التوا نہیں مانگا جائے گا، جبکہ انہوں نے ایمان مزاری کی علالت کا بھی حوالہ دیا۔
پراسیکوشن کی جانب سے التوا کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔ پراسیکیوٹر رانا عثمان نے مؤقف اپنایا کہ عدالت گواہ سے حلف لے کر فوری طور پر جرح کا آغاز کرے۔ اس دوران بار کے صدر نعیم گجر اور پراسیکیوٹر کے درمیان کمرۂ عدالت میں تلخ کلامی بھی ہوئی، جس پر جج افضل مجوکا اٹھ کر چیمبر میں چلے گئے۔
وقفے کے بعد ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے دونوں کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ملزمان کا جرح کا حق بھی ختم کر دیا جبکہ کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔
