وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کوئٹہ دورہ، شہید میجر انور کاکڑ کے اہلِ خانہ سے تعزیت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے علاقے سپنی روڈ، کاکڑ ٹاؤن میں شہید میجر انور کاکڑ کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہید کی والدہ، بھائیوں اور کمسن بیٹوں سے ملاقات کی اور دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی اور سرفراز بگٹی نے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کے بزدلانہ حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر انور کاکڑ کی عظیم قربانی کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید کی والدہ کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے بہادر بیٹے کی باہمت ماں ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ محسن نقوی نے شہید کے کمسن بیٹوں سے شفقت کا اظہار کیا، انہیں پیار کیا اور دلاسہ دیا۔

شہید کی والدہ نے اس موقع پر کہا، “میرا بیٹا شیر تھا جو وطن پر قربان ہو گیا، مجھے اس کی شہادت پر فخر ہے، میرے دو اور بیٹے بھی وطن کے لیے حاضر ہیں۔”
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ شہید میجر انور کاکڑ کے دوسرے بیٹے کو بھی ایچی سن کالج میں داخلہ دیا جائے گا، جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید کے بھائی خدائیداد خان کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ایک اسکول کو شہید میجر انور کاکڑ کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے، جبکہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ میجر انور کاکڑ نے اپنی قیمتی جان وطن پر نچھاور کر کے شہادت کا بلند رتبہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں اور قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔


آخر میں محسن نقوی اور سرفراز بگٹی نے شہید کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری بلوچستان اور آئی جی پولیس بلوچستان بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ میجر انور کاکڑ کچھ عرصہ قبل کوئٹہ میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے ایک بزدلانہ دھماکے میں شہید ہوئے تھے۔

WhatsApp
Get Alert