کوئٹہ‘شالکوٹ میں پولیس اور اسنیچرز کے درمیان مقابلہ، ایک ملزم ہلاک، ہیڈ کانسٹیبل معجزانہ طور پر محفوظ، ایس ایس پی آپریشنز کا اسپتال کا دورہ

شالکوٹ (قدرت روزنامہ) شالکوٹ کے علاقے ثناء پمپ کے قریب پولیس اور اسنیچرز کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔ ایس ایس پی آپریشنز دوستین دشتی کے مطابق اسنیچرز ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوا اور واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔
ملزمان کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل دل مراد زخمی ہو گئے جن کی ایک ٹانگ میں گولی لگی ہے تاہم ان کی بلٹ پروف جیکٹ میں دو گولیاں لگنے کی وجہ سے وہ معجزانہ طور پر بچ گئے ہیں ۔ ایس ایس پی آپریشنز دوستین دشتی نے ہسپتال میں زخمی کانسٹیبل دل مراد کی عیادت کی، ان کی حوصلہ افزائی اور جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے انتظامیہ کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں ۔
