دہشت گردی کو سرحدوں سے نکال کر بحر ہند میں ڈبو دیں گے، خوارج اور ٹی ٹی اے کا گٹھ جوڑ کچلنے کیلئے پوری قوم متحد ہے، وزیراعظم شہباز شریف

معرکہ حق میں پاک فوج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو وہ سبق سکھایا جو دنیا یاد رکھے گی، وزیراعظم


قرضوں سے نجات اور غربت کا خاتمہ اولین مقصد، پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنائیں گے، قومی پیغام امن کمیٹی سے خطاب
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے غربت، بے روزگاری کے خاتمے، قرضوں سے نجات حاصل کرنے اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے نہ تھی، ملک میں دہشت گردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا ہے۔خوارج ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کا گٹھ جوڑ ہے، ہمارے دشمنوں کے ذریعے انہیں وسائل پہنچ رہے ہیں۔

دہشت گردی کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحر ہند میں ڈبو دیں گے، تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنے طریقوں سے عبادت اور تہوار منانے کا پورا حق ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جو وسائل عطا کئے ہیں وہ شاید ہی کسی ملک کے پاس ہوں، وسائل کو اگر استعمال کریں تو ہمارے تمام مسائل ختم ہوجائیں گے۔
معرکہ حق میں افواج پاکستان نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو رہتی دنیا تک نہیں بھولے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں قومی پیغام امن کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور دیگر حکام موجود تھے، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بنانے کا مقصد ایسا خطہ تھا جہاں اسلام کا بول بالا ہو، قیامِ پاکستان میں علماء اور اقلیتوں بشمول سیسل چوہدری اور رانا بھگوان داس کا بڑا کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مئی 2025 میں معرکہ حق میں افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہندوستان کو شکستِ فاش دی جو اللہ کی نصرت اور 24 کروڑ عوام کی دعاؤں کا نتیجہ ہے، آج سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی ہے جس کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ پاکستانی شہید ہو چکے ہیں۔
مجھے یقین ہے کہ جس طرح 2018 میں دہشت گردی ختم کی تھی اب بھی اس کا سر کچلا جائے گا، کمیٹی کے کنوینر مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے علماء کی دو روزہ کانفرنس بلائی جائے گی اور علماء بیانیہ کی جنگ میں صف اول کا کردار ادا کریں گے۔
اجلاس میں مفتی عبدالرحیم، علامہ عارف واحدی، علامہ محمد حسین اکبر، راجیش کمار اور بشپ آزاد مارشل سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور ملکی سلامتی و دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت اور عسکری قیادت کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا، جبکہ ڈی جی مذہبی تعلیمات نے بتایا کہ 36 ہزار مدارس میں دینی و عصری علوم کے ساتھ فنی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert