وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے بلّے کا جادو، دوستانہ میچ میں چیف منسٹر الیون سرخرو، چیف منسٹر الیون نے 45 رنز سے با آسانی میچ اپنے نام کرلیا


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پی ڈی ایم اے کرکٹ گراؤنڈ میں ہفتے کے روز چیف منسٹر الیون اور چیف سیکرٹری الیون کے مابین کھیلا جانے والا دوستانہ کرکٹ میچ سنسنی خیز لمحات، شاندار بیٹنگ اور عمدہ بولنگ کا حسین امتزاج ثابت ہوا۔ شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد نے میچ سے بھرپور لطف اٹھایا میچ کا ٹاس چیف سیکرٹری الیون نے جیت کر چیف منسٹر الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

چیف منسٹر الیون کی جانب سے اننگز کا آغاز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور زاہد خلجی نے کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 119 رنز کی مضبوط پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پراعتماد اور دلکش بیٹنگ کرتے ہوئے 52 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جسے شائقین نے خوب سراہا۔

مقررہ اوورز کے اختتام پر چیف منسٹر الیون نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز کا مضبوط ہدف دیا جواب میں چیف سیکرٹری الیون کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 135 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور آئی جی پولیس محمد طاہر خان نے مزاحمتی بیٹنگ اور ہمہ جہت کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
تاہم ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکی بولنگ کے شعبے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دھواں دھار بولنگ کے ذریعے تین اہم وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا اس طرح چیف منسٹر الیون نے 45 رنز سے با آسانی میچ اپنے نام کرلیا ۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی آل راؤنڈ شاندار کارکردگی میچ کا نمایاں پہلو رہی جس نے نہ صرف ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا بلکہ شائقین کی بھرپور توجہ بھی حاصل کی دوسری جانب میچ میں فیلڈنگ کے دوران سردار کوہیار خان ڈومکی، بابر خان ، سید امین، حسن میر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert