کراچی کے گل پلازہ میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق، 20 زخمی، کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں تیسرے درجے کی آگ لگنے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا۔
ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پہنچ گئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہےکہ آگ لگنے کے باعث 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 20افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ، ان کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق20فائر ٹینڈرز اور 4اسنارکلز کی مدد سے آگ پرقابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، پانی اور فوم کا استعمال کیا جارہا ہے۔پاک بحریہ کے فائرٹینڈرز بھی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
آگ لگنے کے باعث گراؤنڈفلورکی تمام دکانیں جل گئیں، فائر فائٹرز کو عمارت میں تپش کے باعث اندر جانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔شاپنگ پلازہ میں ایک ہزار 200 سے زائد دکانیں ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونےکی اطلاع ہے۔
چیف فائرآفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت میں زوردار دھماکا ہوا،جس کے بعد آگ مزید پھیل گئی ہے ، دھماکاگیس لیکج کے باعث ہوا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران فائر بریگیڈ کی سیڑھیاں ٹوٹنے سے 2 افراد گر کر زخمی ہو گئے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق شاپنگ پلازہ میں دکانوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔
بلاول بھٹو کی وزیراعلیٰ سندھ کو آگ بجھانے کیلئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایات
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو آگ بجھانے کیلئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایات کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے آتشزدگی سےجانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی فوری تحقیقات،آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی ہدایت بھی کی۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ تمام وسائل فراہم کیے جارہے ہیں،حکومت کی کوشش ہے آگ پر جلدازجلدقابوپایاجائے۔

WhatsApp
Get Alert