افغانستان کی صورتحال کو صرف پاکستان پر نہیں چھوڑا جا سکتا، فواد چوہدری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ افغانستان کی صورتحال کو صرف پاکستان پر نہیں چھوڑا جا سکتا، دنیا کی کوئی بھی معیشت اس طرح کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے او آئی سی اجلاس کے موقع پرمیڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس افغانستان کے بارے میں ایک بڑی کانفرنس ہے، افغانستان میں صورتحال خراب ہو رہی ہے، خواتین اور بچے شدید ترین متاثر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے ہی افغانستان کو 5 ارب روپے کی امداد دے چکا ہے، افغانستان میں صورتحال مزید خراب ہوئی تو بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان سے لوگ ہجرت کریں۔
فواد چوہدری نے کہاکہ افغانستان کا مسئلہ پاکستان سمیت ایران، ازبکستان، تاجکستان سمیت دنیا کے لئے مشکل صورتحال پیدا کر سکتا ہے، امریکہ نے افغانستان کے 9 ارب ڈالر منجمد کر رکھے ہیں، یہ رقم واپس نہیں ہوتی تو اس کے نتیجے میں بحران مزید بڑھے گا۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مزید کہاکہ افغانستان کو سیاسی طور پر تسلیم نہیں کیا جاتا تو کم از کم تعلیم، صحت، خوراک پر براہ راست خرچ کیا جائے۔