بلوچستان میں سرکاری نوکریوں کی خرید و فروخت کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے گا آج کا دن اسی وعدے کی عملی تعبیر اور تسلسل کا ایک بڑا ثبوت ہے، اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ خزانہ میں سب اکاؤنٹنٹ کی آسامیوں پر مکمل طور پر پیپر لیس، ڈیجیٹل اور آن لائن نظام کے تحت شفاف بھرتیوں کا عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا، جس کے تحت ایک ہی دن میں آن لائن ٹیسٹ، انٹرویوز، نتائج کا اعلان اور تقرر ناموں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ یہ اقدام بلوچستان میں میرٹ، شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب ایک تاریخی اور فیصلہ کن پیش رفت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز محکمہ خزانہ میں سب اکاؤنٹنٹ کی آسامیوں پر آن لائن ٹیسٹ کے ذریعے کامیاب ہونے والے امیدواروں میں تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ انہوں نے صوبائی اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب کے دوران قوم سے یہ واضح وعدہ کیا تھا کہ بلوچستان میں سرکاری نوکریوں کی خرید و فروخت کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے گا، اور آج کا دن اسی وعدے کی عملی تعبیر اور تسلسل کا ایک بڑا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب صوبے میں سفارش اور رشوت کی بنیاد پر نہیں بلکہ صرف اور صرف میرٹ پر نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بلوچستان کے عوام میں یہ امید تقریباً دم توڑ چکی تھی کہ یہاں کبھی میرٹ نافذ ہو سکے گا، لیکن آج ہم نے سب کے سامنے عملی طور پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر نیت مضبوط اور نظام شفاف ہو تو میرٹ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ا نہوں نے کہا کہ آج بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا منظر دیکھنے میں آیا ہے کہ ایک عام مزدور کا بیٹا، ایک استاد کا بیٹا اور ایک وزیر کا بیٹا ایک ہی امتحانی نظام، ایک جیسی نشستوں اور یکساں ماحول میں امتحان دے رہے ہیں اور کامیابی کا واحد معیار میرٹ ہے۔

یہ حقیقی مساوات اور انصاف پر مبنی نظام کی واضح مثال ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت آئندہ دنوں میں ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح پر بھی اسی طرز کا جدید اور شفاف ڈیجیٹل میکانزم متعارف کرائے گی تاکہ میرٹ ہر سطح پر نظر آئے اور عوام کا اعتماد مستقل بنیادوں پر بحال ہو انہوں نے کہا کہ اس وقت کمیشن میں ہزاروں آسامیاں طویل عرصے سے زیر التواء ہیں، جس کے باعث صوبائی ادارے شدید افرادی وسائل کی کمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو، اصلاحات اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی تاکہ اسے ایک فعال، شفاف اور پاکستان کا بہترین پبلک سروس کمیشن ادارہ بنایا جا سکے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت نے بلوچستان میں حقیقی اور دیرپا تبدیلی لانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور آج کا دن اسی تبدیلی کا عملی اور نمایاں مظہر ہے۔ انہوں نے کامیاب امیدواروں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام نوجوان خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر گریڈ 14 میں بھرتی ہو رہے ہیں، جو ان کی محنت، قابلیت اور شفاف نظام پر عوامی اعتماد کا ثبوت ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، محکمہ خزانہ کی پوری ٹیم اور بیوٹمز کی ٹیم کو اس تاریخی اور شفاف بھرتی کے عمل کو کامیاب بنانے پر خصوصی طور پر سراہا اور مبارکباد پیش کی تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کامیاب امیدواروں میں تقرر نامے تقسیم کیے اس موقع پر صوبائی وزیر سردار کوہیار خان ڈومکی، رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، پرنسپل سیکرٹری بابر خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

WhatsApp
Get Alert