ملک کی تاریخ میں کسی نے کرپشن کی ہے تو وہ عمران خان ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کی تاریخ میں کسی نے کرپٹ کی ہے تو وہ عمران خان ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ وہ آج بھی کنٹینر پر کھڑے ہیں، یہ 8 سال سے شریف فیملی فوبیا میں مبتلا ہیں، اپنے کل کے انٹرویو میں بھی انہوں نے یہی کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں وزرائے خارجہ اور وفود آرہے تھے اور یہ شریف فیملی پر بات کررہے تھے، بلین ٹری سونامی، فارن فنڈنگ کیس، بی آر ٹی منصوبہ پر ان سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی۔مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی، آٹا مہنگائی اسکینڈل پر بھی کسی نے 3 سالوں میں کچھ نہیں بولا، ان کے خلاف تحقیقات کیلئے نیب کے دروازے بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دل و دماغ میں سیاسی انتقام کی آگ بجھ ہی نہیں رہی، عمران خان نے ملک کو دیوالیہ بنایا، انہوں نے نواز شریف کے ہر منصوبے کو متنازعہ بنایا، نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں تو چینی 130 روپے کلو نہیں تھی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نےعوام کی روٹی پر مافیا کے ذریعے ڈاکہ ڈالا، نیب نیازی گٹھ جوڑ کو دوسروں کیخلاف استعمال کیا گیا، حسد اور انتقام کی آگ بجھ نہیں رہی، نیب اور ایف آئی اے ان کے کیسز پر خاموش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اور ڈاکے عمران خان کی رضا مندی سے ہورہے ہیں، عمران خان کی حیثیت تھانے کے ایس ایچ او کے برابر ہے۔ ہمارے بجلی کے منصوبے مہنگے ہیں تو بند کردیں، ہرعدالت نے ن لیگ کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔