جلد ہی بھارت اپنے پاس رضوان اور بابر جیسے کھلاڑی نہ ہونے کا شکوہ کریگا،راشد لطیف

کراچی (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ایک وقت آئے گا جب بھارت یہ کہے گا کہ اس کے پاس بابر اور رضوان جیسے کھلاڑی نہیں۔راشد لطیف نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا کہ کچھ عرصہ قبل ہم یہ کہتے تھے کہ پاکستان کے پاس ویرات کوہلی، روہت شرما اور کے ایل راہل جیسے بلے باز نہیں۔ اب ایسا لگتا ہے کہ بھارت یہ کہے گا کہ ہمارے پاس رضوان اور بابر جیسے کھلاڑی نہیں۔
راشد لطیف نے کہا کہ کرکٹ مبصرین کو بابر اعظم اور محمد رضوان سے یہ شکایت رہی کہ ٹی 20 ٹوئنٹی فارمیٹ میں وہ دیگر ملکوں کے اوپنرز کی طرح زیادہ تیزی سے رنز نہیں بناتے لیکن اب یہ دونوں کھلاڑی اپنی اس خامی پر بھی قابو پاچکے ہیں۔
ٹی 20 کرکٹ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی نے رواں برس پاکستان کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے، رواں برس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز محمد رضوان کے پاس ہے جب کہ بابر اعظم دوسرے نمبر پر ہیں۔رواں سال ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ چھکے اور چوکے مارنے کا اعزاز بھی محمد رضوان کے پاس ہے۔