پولیس ملک میں امن و قانون کی پہلی دفاعی لائن ہے۔چیف آف ڈیفنس فورسز

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پولیس ملک میں امن و قانون کی پہلی دفاعی لائن ہے۔ آرمی چیف نے پولیس کے شہدا کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
تفصیلات کے طمابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا۔ فیلڈ مارشل کو پولیس ٹریننگ اور جدید کاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقعے پر سینئر پولیس قیادت نے اصلاحات اور پیشہ ورانہ معیار بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے پولیس اکیڈمی کے افسران سے ملاقات کی، قومی پولیس اکیڈمی کے کمانڈنٹ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا گرمجوشی سے استقبال کیا، پولیس دستے نے فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا، فیلڈ مارشل نے پولیس شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقعے پر سینئر پولیس افسران سے خطاب کے دوران چیف آف ڈیفنس نے پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور پولیس افسران کی قربانیوں کا اعتراف کیا، فیلڈ مارشل نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف پولیس کے کردار کی تعریف کی، اداروں کے درمیان تعاون، عوامی اعتماد قائم کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پولیس ملک میں امن و قانون کی پہلی دفاعی لائن ہے، مضبوط، پیشہ ور، عوام دوست پولیس فورس داخلی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کیلئے ضروری ہے، قانون نافذ کرنے کا فرض ایک مقدس اعتماد ہے، مسلح افواج ہمیشہ پاکستان کے بہادر پولیس اہلکاروں کے شانہ شانہ ہوں گی۔
