صوبے میں صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل انقلاب لانے کی کوششیں تیز تر ہو رہی ہیں، ہیلتھ لیڈرشپ کانفرنس 2026 کا انعقاد کیا جارہا ہے ،چیف سیکرٹری شکیل قادر خان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ صوبے میں صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل انقلاب لانے کی کوششیں تیز تر ہو رہی ہیں، ہیلتھ لیڈرشپ کانفرنس 2026 کا انعقاد کیا جارہا ہے جوکلیدی صحت اشاریوں اور ڈیجیٹائزیشن انیشیٹوز پر پیشرفت کا جائزہ لے گی۔ اس کانفرنس کا مقصد صوبے بھر میں صحت سہولیات کی نگرانی، شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، جو محکمہ صحت میں شروع ہونے والے اصلاحات کی توسیع ہوگی۔ اور محکمہ صحت میں گزشتہ دو سالوں سے نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ہیلتھ لیڈر شپ کانفرنس 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اصلاحات سے صحت کی شفافیت، نگرانی اور شہری مددگار خدمات میں اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ صحت میں انقلابی اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے، جو ڈیجیٹائزیشن، ڈی سینٹرلائزیشن اور سروس ڈلیوری پر مبنی ہیں جس سے صوبے بھر کی صحت سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت صوبائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، جن میں صحت پر خاص توجہ مرکوز کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند اور قابل فخر بات ہے کہ بنگلہ دیش، نیپال بھی محکمہ صحت بلوچستان کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریئل ٹائم سسٹم مینجمنٹ سے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور ایمرجنسی رسپانس کی نگرانی ہو رہی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ HISP پاکستان اور UNICEF نے بلوچستان کو قومی اور عالمی سطح پر ڈیجیٹل ہیلتھ کا رول ماڈل قرار دیا۔
