عمران خان سے متعلق بڑے کیس کی کل سماعت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ میں کل عمران خان سے متعلق ایک بڑے کیس کی سماعت ہونے جارہی ہے ،عدالت نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کو بند کرنے سے متعلق درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔
عدالت اس اہم نوعیت کے مقدمے کی سماعت کل 21 جنوری کو کرے گی جس میں آزادیٔ اظہار، بنیادی حقوق اور ڈیجیٹل قوانین سے متعلق نکات زیرِ بحث آنے کا امکان ہے،یہ کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر شہری غلام مرتضیٰ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سنیں گے۔
عدالت نے اس سے قبل نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی اے) سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے تحریری جواب طلب کر رکھا ہےتاکہ معاملے کے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
گزشتہ سماعت کے تحریری حکمنامے میں عدالت نے واضح کیا تھا کہ اڈیالہ جیل حکام پہلے ہی اپنا جواب جمع کرا چکے ہیں، تاہم دیگر فریقین کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ بھی مقررہ وقت کے اندر اپنے جوابات عدالت میں جمع کرائیں عدالت نے اس امر پر زور دیا تھا کہ کیس کی نوعیت حساس ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کا مؤقف ریکارڈ پر ہونا ضروری ہے۔
عدالتی کارروائی کے دوران بانی پی ٹی آئی کی جانب سے معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ کیس کی پیروی کر رہے ہیں، جبکہ درخواست گزار شہری غلام مرتضیٰ کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ عدالت میں دلائل پیش کریں گے۔
قانونی ماہرین کے مطابق اس مقدمے میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بندش، ریاستی اختیارات اور شہریوں کے آئینی حقوق کے درمیان توازن جیسے اہم سوالات پر بحث متوقع ہے۔سیاسی و قانونی حلقوں میں اس کیس کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ اس کے فیصلے سے نہ صرف اس مخصوص معاملے بلکہ مستقبل میں سوشل میڈیا کے استعمال اور ریگولیشن سے متعلق پالیسیوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔
