بجٹ کا 80 فیصد تنخواہوں پر خرچ، اصلاحات کا عمل کسی بھی دباؤ یا احتجاج سے نہیں رکے گا، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کا تقریباً ایک ہزار ارب روپے کا سالانہ بجٹ ہے، جس کا قریب 80 فیصد نان ڈیولپمنٹ اخراجات میں خرچ ہو جاتا ہے۔
نان ڈیولپمنٹ بجٹ کا بڑا حصہ ڈھائی لاکھ کے لگ بھگ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن پر صرف ہوتا ہے، صوبے کی 1.3 کروڑ عوام کی فلاح و ترقی کے لیے محض 200 ارب روپے دستیاب ہوتے ہیں، غیر متوازن نظام کو درست کرنے کے لیے گزشتہ دو برسوں میں متعدد متروک اور غیر مؤثر سرکاری دفاتر بند کیے گئے۔
زکوٰۃ، مذہبی امور اور سول ڈیفنس جیسے غیر فعال محکمے ختم کر کے آٹھ ہزار غیر ضروری سرکاری آسامیاں ختم کیں، غیر حاضر سرکاری ملازمین کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی گئی، اصلاحات کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا مگر دباؤ، احتجاج یا بلیک میلنگ ہمیں عوام کے حق کے تحفظ سے نہیں روک سکتی، بلوچستان کے عوام کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، اصلاحات کا عمل ہر صورت جاری رہے گا۔
