اسلام آباد: الیکشنز ترمیمی بل 2026ء شفافیت پر حملہ اور کرپشن چھپانے کی کوشش ہے، پی ٹی آئی نے مسترد کر دیا


اسلام آباد (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے الیکشنز ترمیمی بل 2026 کو سختی سے مسترد کرتی ہے اور اسے عوام کے حقِ معلومات، شفافیت اور احتساب کے بنیادی اصولوں پر کھلا حملہ قرار دیتی ہے۔ یہ بل اراکینِ پارلیمنٹ کو “سیکیورٹی خدشات” کی مبہم اور غیر متعین آڑ میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات عوام سے چھپانے کا اختیار دیتا ہے، جو دراصل موجودہ حکومتی طبقات کے لئے ایک قانونی ڈھال بنانے کے مترادف ہے۔ ایسے قوانین جمہوریت کو مضبوط نہیں بلکہ کمزور کرتے ہیں اور حکمرانوں پر عوام کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ جو جماعتیں خود کو جمہوریت، شفافیت اور پارلیمانی اقدار کی علمبردار کہتی ہیں، آج وہی جماعتیں اپنے کرپٹ اور غلط طریقوں سے کمائی ہوئی دولت کو چھپانے کے لیے قانون سازی کر رہی ہیں۔ پوری قوم جانتی ہے کہ ان کے پاس موجود ناجائز دولت کہاں سے آئی، یہ سب کچھ کرپشن، لوٹ مار اور اختیارات کے غلط استعمال کا نتیجہ ہے، اور عوام اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں اور ایسے قوانین کے ذریعے سچ چھپایا نہیں جا سکتا، یہ قانون عوام کے شعور کی توہین کے مترادف ہے۔ ہر تقریر میں احتساب، گڈ گورننس اور جمہوری اقدار کے راگ الاپنے والی یہ جماعتیں عملی طور پر اپنے ہی لیے استثنیٰ اور تحفظ کی دیواریں کھڑی کر رہی ہیں۔ ایسے قوانین یہ ثابت کرتے ہیں کہ یہ جماعتیں عوام کی نہیں بلکہ اپنی ذات اور طبقاتی مفادات کی نمائندگی کر رہی ہیں، اور یہی دوہرا معیار آج پاکستان کے جمہوری نظام کو اندر سے کھوکھلا کر رہا ہے۔ اگر کسی رکن پارلیمان کو حقیقی خدشات لاحق ہیں تو اس کا حل اثاثے چھپانا نہیں بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔ اثاثوں کی تفصیلات کو عوام سے خفیہ رکھنا بدعنوانی کے دروازے کھولنے کے مترادف ہے اور اس سے سیاسی اشرافیہ کو اپنی ناجائز دولت چھپانے کا ناجائز تحفظ ملے گا۔ یہ بل شفاف طرزِ حکمرانی کے عالمی اصولوں سے متصادم ہے اور پاکستان کو مزید عدم احتساب کی دلدل میں دھکیلنے کی سازش ہے۔ تحریک انصاف اپنے قائد عمران خان کے نظریئے کے عین مطابق شفافیت کی ہمیشہ سے حامی ہے لہٰذا اس متنازع ترمیم کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ قوم یہ حق رکھتی ہے کہ وہ اپنے نمائندوں کی دولت کے ذرائع سے آگاہ ہو۔ شفافیت کوئی رعایت نہیں بلکہ جمہوریت کی بنیاد ہے۔

WhatsApp
Get Alert