کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان اور سینیٹر عائشہ رضا فاروق کی ملاقات، پولیو کے خاتمے اور روٹین ایمونائزیشن کے لیے مربوط حکمت عملی پر اتفاق

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بدھ کو یہاں وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسد اد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے کوآرڈینیٹر انوار الحق اور صوبائی ای او سی کے کوآرڈینیٹر انعام الحق بھی شریک تھے اس موقع پر بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کو مزید موثر اور مربوط بنانے، روٹین ایمونائزیشن کوریج میں اضافے اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے انسداد پولیو مہم اور روٹین ایمونائزیشن کوریج میں بہتری کے لیے حکومتِ بلوچستان کی سنجیدہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں مربوط حکمتِ عملی اور موثر فیلڈ اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مضبوط تعاون ناگزیر ہے،

جسے مزید مستحکم کیا جائے گا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان انسداد پولیو مہم کو قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ بچوں کو مہلک مرض سے محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے سیکیورٹی، نگرانی، آگاہی اور ہیلتھ سسٹم کو یکجا کر کے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پولیو کے خاتمے کے ساتھ ساتھ روٹین ایمونائزیشن کوریج میں اضافہ بھی پائیدار صحت کے نظام کے لیے ناگزیر ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جائے گی اور پولیو فری بلوچستان کے ہدف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ملاقات میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی موجود تھے جنہوں نے صوبائی سطح پر روٹین ایمونائزیشن، انسداد پولیو اقدامات، بین الادارہ جاتی تعاون اور انتظامی امور سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔
