کوئٹہ میں شدید سردی اور برفباری کے دوران گیس پریشر کی کمی، سوئی سدرن گیس کمپنی کی غفلت پر پشتونخوامیپ کی تشویش

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی نائب صدر مجید خا ن اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور دیگر صوبائی ایگزیکٹیوز نے اپنے مشترکہ بیان میں کوئٹہ میں شدید سردی کی لہر میں گیس پریشر کی شدید کمی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب کوئٹہ کے تمام علاقوں کو یکساں گیس کی فراہمی یقینی نہیں بنائی گئی۔ آبادی کے اکثر علاقوں میں صارفین، شہریوں کو گیسر میسر نہیں اورحالیہ برفباری، سخت سردی میں شہری گیس کی عدم فراہمی کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ ایندھن کے دیگر ذرائع کی قیمتوں میں یکم دم اضافے نے عوام کے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کوئٹہ کے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے واضح ہدایات جس میں بلوچستان بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ پر پابندی اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی عوام کو گیس کی فراہمی میں سنجیدہ نہیں۔ تمام زونل، سب زونل، ریجنل ہیڈ آفس اور ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی، جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی کوئٹہ، پشین، زیارت اضلاع کو گیس کی درست پریشر کے ساتھ فراہمی کو یقینی بناکر عوام کو شدید سردی میں درپیش مشکلات سے نجات دلانے اور بالخصوص زیارت جیسے ضلع میں قیمتی جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے سلسلے کی روک تمام میں سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کرے۔
