بلوچستان میں شدید سردی کی لہر، قلات میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری ریکارڈ، مزید سردی اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق جمعہ کو صوبہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید سرد اور خشک موسم متوقع ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، مستونگ اور قلات میں رات کے درجہ حرارت منفی 4 سے منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے جبکہ صبح کے اوقات میں سردی کی شدت(چِل ایفیکٹ)زیادہ محسوس کی جائے گی۔کیچ، پنجگور، واشک، خاران، نوشکی، پشین، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی اور مستونگ میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔واشک، خاران، پنجگور اور کیچ میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ہفتہ کوصوبے کے بیشتر علاقوں میں سرد سے بہت سرد اور خشک موسم متوقع ہے جبکہ شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں شدید سردی رہے گی۔ کیچ اور شمال مغربی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود سے ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب، بارکھان، اوتھل، لورالائی، چمن اور قلات میں بارش اور برفباری ہوئی جبکہ کئی علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں۔ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو صوبے میں سب سے کم رہا۔
