کھیلوں کا فروغ اور نظم و ضبط بلوچستان پولیس کی ترجیح، آئی جی محمد طاہر کی ٹریننگ کالج میں کرکٹ میچ میں شرکت


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، کیونکہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے معاشرہ منفی سرگرمیوں سے پاک رہتا ہے اور نوجوان نسل ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط اور توانا رہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج میں کمانڈنٹ پی ٹی سی اور زیر تربیت اہلکاروں کے مابین کھیلے جانے والے کرکٹ میچ کے موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی جی پولیس نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پولیس کے نوجوان کھلاڑی قومی سطح پر صوبے اور ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں جو قابلِ فخر ہے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوان فورس میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ دورے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان نے کرکٹ، فٹ بال اور والی بال کھیلنے والے لیویز کے زیر تربیت جوانوں سے مصافحہ کیا اور ان کے جذبے کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر منعقدہ ٹورنامنٹس کے فائنل مقابلوں میں کمانڈنٹ اسٹاف ٹیم نے کامیابی اپنے نام کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان بطور مہمانِ خصوصی خود بھی کرکٹ میچ میں شریک ہوئے، جس سے جوانوں میں جوش و خروش مزید بڑھ گیا۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

WhatsApp
Get Alert