لاہور کے ہوٹل میں آتشزدگی: دو افراد جاں بحق، 275 کو بچا لیا گیا
ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی، 275 افراد محفوظ، بیسمنٹ ون شدید متاثر

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور کے علاقے گلبرگ کے مقامی ہوٹل میں اچانک آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثے میں پانچ افراد جھلس کر زخمی ہو گئے جبکہ 275 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔
انتظامیہ نے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، جاں بحق افراد میں 30 سالہ عمران، 25 سالہ شہر یار شامل ہیں، جب کہ آتشزدگی کے باعث 6 افراد جھلس گئے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق شدید متاثرہ ایریا سے سات افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ واقعے میں چھ افراد زخمی ہوئے۔ ہوٹل کا ایک ملازم ریاض تاحال لاپتا ہے جس کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ آتشزدگی کے بعد ہوٹل سے مجموعی طور پر 275 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع دوپہر 12 بج کر 25 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد 27 گاڑیوں کو امدادی کاموں پر مامور کیا گیا۔
آپریشن میں ریسکیو کے 80 اہلکاروں نے حصہ لیا اور فوری طور پر ہوٹل کے عملے اور مہمانوں سمیت 275 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔
Alhamdolillah, a major tragedy was averted today at Indigo Tower, Gulberg. Upon receiving reports of a fire in the basement, the Emergency Response Team was immediately mobilised. Minister Energy Faisal Khokhar, Commissioner, DC and all concerned officials are present on site to… pic.twitter.com/RUvneoxalR
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 24, 2026
ریسکیو حکام کے مطابق گلبرگ میں ہوٹل میں لگی آگ پرقابو پا لیا گیا، عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
متاثرہ عمارت چار کنال رقبے پر مشتمل 19 منزلہ پلازہ ہے، جس میں تین بیسمنٹ قائم ہیں۔ آتشزدگی کے باعث پلازے کا بیسمنٹ ون شدید متاثر ہوا ہے۔
آتشزدگی کے وقت ہوٹل میں ایک نجی اکیڈمی کی تقریب جاری تھی، جس کے باعث عمارت میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ہوٹل کی بیسمنٹ میں آتشزدگی کے باعث بالائی منزلیں بھی دھویں سے بھر گئیں۔
ریسکیو ٹیمیں تاحال ہوٹل کے اندر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔
