بلوچستان میں اتوار اور پیر کو بارش اور برفباری کی پیش گوئی، شدید سردی اور طغیانی کا خطرہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اتوار کو صوبے کے مختلف اضلاع میں شام اور رات کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔جس سے گوادر (جیوانی، گوادر، پسنی)، کیچ (تربت)، چاغی (تفتان، نوکنڈی، دالبندین)، پنجگور، خضدار، خاران، نوشکی اور واشک کے اضلاع متاثر ہونے کا امکان ہے۔موسمی نظام آدھی رات کے بعد شدت اختیار کرے گا اور صوبے کے وسطی، مغربی اور شمالی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ پیر کو گوادر(جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑا)، خضدار، کیچ، چاغی، پنجگور، قلات، واشک، سوراب، کوئٹہ، ژوب، مستونگ، خاران، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی(موسی خیل) اور آواران میں درمیانی بارش، گرج چمک اور تیز ہواں کا امکان ہے۔گوادر، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ کے اضلاع میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔کچھی، سبی، زیارت، ہرنائی، دکی، کوہلو، جھل مگسی اور لورالائی میں ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔کوئٹہ، زیارت، قلات، چمن، پشین، حرمزئی، خانوزئی، کان مہترزئی، مسلم باغ، لوئی بند، قلعہ عبداللہ اور گلستان کے علاقوں میں پیر سے منگل کے دوران ہلکی سے درمیانی برفباری اور تیز ہواں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔بعض مقامات پر شدید بارش سے شہری ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، خاص طور پر گوادر، جیوانی، پسنی، آواران، چاغی اور کیچ میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو سکتی ہے جس سے ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے۔متعلقہ اداروں اور مقامی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں موسم شدید سرد رہا۔کم سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert