وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے ہائی الرٹ، تمام یونٹس فیلڈ میں موجود.


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں ممکنہ برفباری اور خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت جاری کی ہے کہ صورتحال سے متعلق ہر گھنٹے رپورٹ پیش کی جائے جبکہ وہ خود بھی صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں گے۔
اعلیٰ حکام کے احکامات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جناب جہانزیب خان غوری زئی نے پی ڈی ایم اے کے تمام شعبہ جات کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تمام اسنو کلیئرنس یونٹس کو الرٹ اور متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کے تمام کلیئرنس یونٹس کی قیادت ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کریں گے جو فیلڈ میں موجود رہ کر آپریشنز کی نگرانی کریں گے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈائریکٹر ریلیف عطاء اللہ مینگل، ڈائریکٹر ایڈمن فیصل نسیم پنیزئی اور ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل طارق خان (ایڈمن و ریلیف) کو خصوصی ذمہ داریاں سونپتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہیں اور سپلائی، وسائل کی فراہمی اور موبلائزیشن کو یقینی بنائیں۔
ڈائریکٹر ریسکیو نوید احمد شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیو اصغر علی جمالی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے تمام ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضروری آلات کے ساتھ فوری رسپانس یقینی بنائیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی آر ایم سلیمان عزیز مینگل کو ہیڈ کوارٹر آفس اور صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے آپریشنز کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جس میں کوئٹہ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں کی ایمرجنسی صورتحال بھی شامل ہے۔
صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال رہے گا، جو کوآرڈینیشن، مانیٹرنگ، ٹریکنگ اور رپورٹنگ کے فرائض انجام دے گا جبکہ وسائل کی فراہمی اور مؤثر انتظام کو بھی یقینی بنائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان نے کہا ہے کہ گزشتہ برفباری کے دوران پی ڈی ایم اے نے اہم شاہراہوں کو بند ہونے سے بچایا، متعدد پھنسے ہوئے افراد اور گاڑیوں کو ریسکیو کیا۔ اس مرتبہ بھی پی ڈی ایم اے، اور ضلعی انتظامیہ / ڈی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل رابطے میں رہتے ہوئے موسمی صورتحال کے اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گا۔
آفات ہوں یا حادثات, پی ڈی ایم اے بلوچستان آپ کے ساتھ

WhatsApp
Get Alert