رمضان نگہبان پیکیج: مریم نواز کا 42لاکھ خاندانوں کو10،10ہزار دینے کا فیصلہ

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان نگہبان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے کے 42 لاکھ خاندانوں کو 10،10 ہزار روپے دینے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نادار افراد کو رمضان پیکیج کے تحت کارڈز مہیا کرے گی جن کا نام نگہبان کارڈ رکھا گیا ہے۔ فیصلے کی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی ریلیف کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اجلاس کے دوران سی ایم راشن کارڈ، نگہبان دستر خوان اور سہولت بازار سمیت دیگر انتظامی اقدامات کی بھی منظوری دی۔ ضلعی انتظامیہ گھر گھر جا کر وزیر اعلیٰ پنجاب رمضان نگہبان کارڈز فراہم کرے گی۔
پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ مریم نواز رمضان نگہبان کارڈز کی ایکٹیویشن کیلئے 136ایکٹیویشن مراکز قائم کیے ہیں جبکہ یہ کارڈ پنجاب بینک کی اے ٹی ایم مشین پر بھی ایکٹیویٹ کیا جاسکے گا۔ رمضان نگہبان ڈیش بورڈ قائم کردیا گیا۔
صوبائی حکومت نے کارڈ ہولڈرز کو کال کرکے کاؤنٹر چیکنگ کا نظام بھی قائم کرلیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نگہبان کارڈز کے ذریعے عوام کو کی جانے والی ادائیگیاں آسان سے آسان تر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کی ہر تحصیل میں 8 نگہبان دستر خوان “مریم کے مہمان” قائم کرنے کی منظوری دی۔ صوبے کی ہر تحصیل میں ہر روز 2000 روزہ داروں کی افطاری کرائی جائے گی۔
