بلوچستان میں گیس پریشر کی شدید کمی: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے وفد کی SSGC حکام سے ملاقات، لائنیں تبدیل کرنے کی یقین دہانی


کراچی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور پارٹی کے قومی جرگہ کے رکن فضل الرحمن الکوزی نے کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمپنی کے سینئر جنرل منیجر مدنی صدیقی سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر جنرل منیجر فاروق خان، کاشف صدیقی سمیت سوئی سدرن گیس کمپنی کے دیگر اعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر اضلاع میں جاری شدید سردی اور برفباری کے باعث گیس پریشر میں خطرناک حد تک کمی کے مسئلے پر تفصیلی اور سنجیدہ تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے واضح کیا کہ گیس پریشر میں کمی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ خصوصی طور پر کوئٹہ کے مختلف علاقوں جن میں شالدرہ، پشتون درہ، حاجی غیبی روڈ، سریاب، تختانی بائی پاس، خلجی کالونی، بڑیچ کالونی، مسلم اتحاد، محمود مینہ، بڑیچ آباد، سیٹلائٹ ٹاؤن، فقیر آباد، کلی بلیلی، کلی شیخان، دیبہ، پشتون آباد، سرکی روڈ، لاندی پشتون آباد، خالق آباد، وزیر کاسی کاریز، ترخہ نوحصار، نواں کلی، کچلاغ، سرہ غوڑگئی، کوتوال مین شہر، ہزار گنجی، پشتون باغ، خروٹ آباد، ہزارہ ٹاؤن اور دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں، وہاں گیس پریشر کی شدید کمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر وفد کی جانب سے مختلف علاقوں میں نئی گیس پائپ لائنیں بچھانے، پرانی لائنوں کو اپ گریڈ کرنے اور مسائل کے مستقل حل سے متعلق تحریری یادداشتیں اور تجاویز بھی گیس حکام کو پیش کی گئیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ موجودہ سردی کے موسم میں کوئٹہ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں گیس پریشر کی بہتری کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں گیس پائپ لائن کا سائز ایک انچ سے بڑھا کر چار انچ کیا جائے گا، جبکہ ٹی بی ایس (TBS) اور پی آر ایس (PRS) سسٹمز کی تنصیب پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا۔ گیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد عوام کو سردی کے شدید موسم میں بہتر، مسلسل اور بلا تعطل گیس سپلائی فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert