صوبے بھر میں بارش اور برفباری کے بعد پی ڈی ایم اے ہائی الرٹ، شاہراہوں کی بحالی کے لیے آپریشن تیز

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)بلوچستان کے ڈائریکٹر ریلیف آپریشن میر عطا اللہ مینگل نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے جاری برفباری اور بارشوں کے باعث پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں اور برف ہٹانے کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے بلوچستان بھر کی تمام اہم شاہراہوں کو بحال رکھا ہوا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان کی زیر نگرانی مشینری اور عملہ ہمہ وقت تیار ہے اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے محفوظ بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے فیلڈ میں تعینات عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور تیاریوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل کو یقینی بنایا جائے اور دستیاب وسائل کو مثر انداز میں بروئے کار لایا جائے۔ڈائریکٹر ریلیف آپریشن میر عطا اللہ مینگل نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور برفباری کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ اور بروقت امداد کی فراہمی پی ڈی ایم اے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام، بالخصوص مسافروں اور سیاحوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور فیلڈ میں موجود پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے عملے سے مکمل تعاون کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلی بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی ہدایات پر صوبے میں ممکنہ برفباری اور خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے ہر گھنٹے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ڈائریکٹر ریلیف نے کہا کہ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال رہے گا جو کوآرڈینیشن، مانیٹرنگ، ٹریکنگ اور رپورٹنگ کے فرائض انجام دے رہا ہے، جبکہ امدادی وسائل کی بروقت فراہمی اور مثر انتظام کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔میر عطا اللہ مینگل نے بتایا کہ گزشتہ برفباری کے دوران پی ڈی ایم اے نے تمام اہم شاہراہوں کو بند ہونے سے بچایا اور متعدد پھنسے ہوئے افراد اور گاڑیوں کو کامیابی سے ریسکیو کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
