وادی تیراہ میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا، معمول کی نقل مکانی کو بحران کا رنگ دیا جارہا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وادی تیراہ سے لوگوں کی نقل مکانی معمول کی بات ہے، لیکن اسے بحران کا رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے، اس وقت وہاں پر کوئی آپریشن نہیں ہورہا، تاہم انٹیلی جنس کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے خیبرپختونخوا اختیار ولی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے نقل مکانی کرنے والوں کے لے 4 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں، جن کا اسے حساب دینا ہوگا۔
پی ٹی آئی کی کے پی حکومت میں کچھ لوگ طالبان کو بھتہ دیتے ہیں ، 4سے 5 سال پہلے ہوسکتا ہے کہ یہ بھتہ اسلام آباد بھی آتا ہو ،خواجہ آصف pic.twitter.com/bGqyw0wyve
— WE News (@WENewsPk) January 27, 2026
انہوں نے کہاکہ یہ نقل مکانی معمول کی بات ہے، کیوں کہ یہ جگہ 17 ہزار فٹ کی اونچائی پر واقع ہے، جہاں سخت سردی پڑتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت سارا ملبہ آپریشن پر ڈال رہی ہے جس کا وجود ہی نہیں، 11 دسمبر کو ایک جرگہ ہوا تھا جس میں اہم امور طے پائے اور فیصلہ ہوا کہ علاقے میں اسپتال، اسکول اور تھانے قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اور مشران کے جرگے کا فوج سے کوئی تعلق نہیں، اب آپریشن سے متعلق مفروضوں سے کام لیا جارہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ صوبائی حکومت کی کارکردگی دیکھیں تو اس علاقے میں اسپتال، اسکول اور تھانہ موجود نہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہزاروں فٹ بلندی پر واقعے ان علاقوں میں بھنگ کی کاشت ہوتی ہے، جس سے حاصل رقم کالعدم ٹی ٹی پی اور مقامی سیاسی لوگ لیتے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہاکہ وادی تیراہ سے لوگوں کی نقل مکانی کوئی انوکھی چیز نہیں، لیکن پی ٹی آئی نے اسے انوکھا بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیاکہ وادی تیراہ کے اندر کالعدم ٹی ٹی پی کے 500 لوگ موجود ہیں، ہمیں جہاں ان کے حوالے سے اطلاع ملتی ہے، قانون نافذ کرنے والے وہاں جاکر کارروائی کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت کے کچھ لوگ طالبان کو بھتہ دیتے ہیں، 4 سے 5 سال پہلے ہوسکتا ہے کہ یہ بھتہ اسلام آباد بھی آتا ہو۔
خیبرپختونخوا میں وادیٔ تیراہ سمیت دیگر وادیوں میں سردیوں کے دوران برف باری کے مہینوں میں مقامی افراد نقل مکانی کرتے ہیں۔ یہ ایک معمول کی روایت ہے، جسے بلاوجہ بحران کی شکل دی جا رہی ہے. وزیر دفاع خواجہ آصف pic.twitter.com/UB3qzuSbEn
— WE News (@WENewsPk) January 27, 2026
4 ارب روپے کہاں خرچ ہوں گے؟ اختیار ولی
اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے خیبرپختونخوا اختیار ولی نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت نے وادی تیراہ کے متاثرین کے نام پر جو 4 ارب روپے مختص کیے ہیں وہ کہاں خرچ کیے گئے۔
انہوں نے کہاکہ ایسے منصوبوں کے نام پر رقم مختص کرلی جاتی ہے، اور بعد اسٹریٹ موومنٹ جیسے کاموں پر خرچ کی جاتی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیاکہ 8 فروری کو ہونے والے احتجاج میں ان لوگوں کو بھی ایندھن بنایا جائےگا۔
