خوشحال اور پُرامن بلوچستان جے یو آئی کا دیرینہ وژن ہے، عوام کو کبھی محض ووٹ بینک نہیں سمجھا: سینیٹر مولانا عبدالواسع

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ خوشحال، پْرامن اور ترقی یافتہ بلوچستان جمعیت علماء اسلام کا وقتی یا انتخابی نعرہ نہیں بلکہ ایک واضح، دیرینہ اور اصولی وژن ہے، جس کی بنیاد عوامی خدمت، آئینی بالادستی اور صوبائی حقوق کے مکمل تحفظ پر استوار ہے۔ جمعیت علماء اسلام نے ہر دور میں خلوصِ نیت، سیاسی بصیرت اور عملی جدوجہد کے ساتھ اس وڑن کی تکمیل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں اور آئندہ بھی صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کے اس قومی اور دینی فریضے کو پوری استقامت، دیانت اور استقلال کے ساتھ جاری رکھے گی۔ بلوچستان کی سیاسی تاریخ اس حقیقت کی غیر متزلزل گواہ ہے کہ جمعیت علماء اسلام کا کردار ہمیشہ مثبت، تعمیری، اصولی اور عوام دوست رہا ہے، جو تاریخ کے اوراق میں ایک روشن، قابلِ فخر اور نمایاں باب کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے بلوچستان کے عوام کو کبھی محض ووٹ بینک نہیں سمجھا بلکہ انہیں محور بنا کر ان کے حقوق، وسائل اور شناخت کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر بھرپور جدوجہد کی۔ صوبے کی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور صوبائی خودمختاری کے لیے جمعیت علماء اسلام نے بارہا ذاتی اور جماعتی مفادات کو پسِ پشت ڈال کر اصولی مؤقف اختیار کیا، اور ہر قسم کے دباؤ، لالچ اور مفاہمت کے باوجود عوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی جمعیت علماء اسلام کو صوبے کی طول و عرض میں بسنے والے تمام مکاتبِ فکر، مختلف زبانیں بولنے والے طبقات اور ہر مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے عوام کی غیرمشروط تائید اور اعتماد حاصل ہے۔سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی واحد ہمہ گیر اور اکثریتی سیاسی قوت ہے جس نے شہری و دیہی، پہاڑی و میدانی اور پسماندہ و دور افتادہ علاقوں کے عوام کے مسائل کو یکساں اہمیت دی۔ عوامی مسائل کے حل، محرومیوں کے ازالے، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور اجتماعی مفادات کے تحفظ کو جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ اپنی سیاست کا محور اور ترجیحِ اول رکھا۔
