فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بہاولپور چھاؤنی کا دورہ، جدید جنگی مشق “اسٹیڈفاسٹ ریزولو” کا مشاہدہ

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور چھاؤنی کا دورہ کیا، جہاں انہیں کور کی آپریشنل، تربیتی اور انتظامی تیاریوں پر بریفنگ ،بالخصوص ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیرپور ٹامیوالی میں منعقدہ فیلڈ مشق “اسٹیڈفاسٹ ریزولو” کا مشاہدہ کیا۔ مشق میں جدید ٹیکنالوجیز بشمول بغیر پائلٹ فضائی نظام یعنی ڈرونز، جدید سرویلنس سسٹمز، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول میکنزم کا عملی مظاہرہ کیا گیا، جو مسلح افواج کی ٹیکنالوجی پر مبنی ملٹی ڈومین آپریشنز کی تیاریوں کی عکاسی کرتا ہے۔
فوجی دستوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے اور ملک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، جبکہ مستقبل کے میدانِ جنگ اور سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر ہمہ وقت تیاری ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ جدید جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے، جہاں ٹیکنالوجی جنگی ارتقا کو نئی سمت دے رہی ہے اور تمام سطحوں پر ذہنی و عملی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں۔
آرمی چیف نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب، ایس ٹی پی کا افتتاح کیا، جس کا مقصد بالخصوص جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں اور سیکھنے کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آرمی پبلک سکول عباسیہ کیمپس کا افتتاح بھی کیا گیا، جو معیاری تعلیم اور کردار سازی کے لیے پاک فوج کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں برقرار مینٹیننس نظام، جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال، مقامی تیاری اور دیگر کامبیٹ سپورٹ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اس سے قبل بہاولپور گیریژن پہنچنے پر کمانڈر بہاولپور کور نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔ دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
