بلوچستان میں موسم سرما کا نیا اور شدید سسٹم آج رات داخل ہوگا، شمالی اضلاع میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان میں موسم سرما کا ایک نیا اور شدید اسپیل آج رات سے داخل ہو رہا ہے جس کے باعث صوبے کے شمالی اور مغربی اضلاع میں ہلکی سے تیز بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ پاکستان محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا یہ نیا سسٹم 30 جنوری کی رات سے 3 فروری تک اثر انداز رہے گا جس کے باعث چاغی، نوشکی، کوئٹہ، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی اور بلند علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے شہریوں کو انتباہ کیا ہے کہ برفباری کی وجہ سے سڑکیں پھسلن بھری ہو جائیں گی جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے، لہٰذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سیاحتی مقامات پر جانے والے سیاح خصوصی احتیاط برتیں۔ حکام نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
