عوام کو صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہ جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،عوام واسا کے بلز بروقت جمع کروائیں تاکہ محکمے کو بہترانداز میں کام کرنے کا موقع مل سکے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو ملاقات کرنے والے ایکسیئن فرید محمد شہی ، ایس ڈی او عارف اور آر او عمران رئیسانی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ملاقات کے دوران حلقہ پی بی 43میں پانی کی قلت ،ٹیوبویلز کی خرابی اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی نے عوامی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پانی جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی حکومت اور متعلقہ محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پانی اور ٹیوب ویلز سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور اس ضمن میں عملی اقدامات کیے جائیں۔میر لیاقت لہڑی نے عوام سے بھی کہاکہ وہ بروقت اپنے واجب الادا بلز جمع کروائیں تاکہ محکموں کو بہتر انداز میں کام کرنے کا موقع ملے اور عوامی مسائل کو مؤثر طریقے سے سنا اور حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور اداروں کے باہمی تعاون سے ہی پانی کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
