گزشتہ 12 ماہ میں 700 سے زائد دہشت گرد انجام تک پہنچائے گئے، تازہ حملوں میں مزید 37 ہلاک، ریاست آخری دہشت گرد تک چین سے نہیں بیٹھے گی، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ 12 ماہ میں بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے 700 سے زائد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا ہے جبکہ صرف گزشتہ دو روز میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 70 کے قریب دہشت گرد مارے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ آج علی الصبح فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی تاہم بلوچستان پولیس اور ایف سی کے جانباز جوانوں نے مل کر دہشت گردوں کے تمام حملے ناکام بنا دیے۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں میں اب تک 37 مزید دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ یہ بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے اور ریاست آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، کارروائیاں جاری رہیں گی۔
