کوئٹہ سپنی ٹراما سینٹر کو فوری فعال کرنے کا حکم، بھرتیوں میں سو فیصد میرٹ یقینی بنایا جائے، عوامی خدمت ترجیح ہے، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ٹراما مراکز کی فعالی پر پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکریٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، سیکریٹری خزانہ لعل جان جعفر، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عمران زرکون، سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان اور مینیجنگ ڈائریکٹر ٹراما سینٹر ارباب کامران کاسی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ کو سیکریٹری صحت کی جانب سے کوئٹہ اسپینی روڈ پر نو تعمیر شدہ ٹراما سینٹر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔


وزیر اعلیٰ نے نئے تعمیر ہونے والے ٹراما سینٹر کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے اسٹاف کی بھرتی میں میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے تعمیر ہونے والے ٹراما مرکز کے استعداد کار اور فوری علاج و معالجے کی سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے اور ٹراما سینٹر میں کلینیکل نیٹ ورک کو وسعت دی گئی ہے۔ اجلاس کو ٹراما سینٹر کے لئے مطلوبہ افرادی قوت میں اضافہ اور بجٹ سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی خدمت صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، نئے ٹراما سینٹر کی فعالی سے بہترین اور جلد طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شیخ زید ہسپتال کے ٹراما سینٹر کی تعمیر کا کام بھی جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert