کراچی میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا جلسہ ، پشتونوں کی قومی وحدت اور وسائل پر حقِ حاکمیت تسلیم کیا جائے، خوشحال خان کاکڑ کا خطاب


کراچی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سندھ کراچی کے زیرِ اہتمام ایمپریس مارکیٹ، صدر میں ایک عظیم الشان اور تاریخی جلسۂ عام منعقد ہوا، جس سے پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے خطاب کیا۔ انہوں نے اس کامیاب اور تاریخی جلسۂ عام کے انعقاد پر پارٹی کارکنوں اور عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کراچی کے غیور اور باشعور پشتون عوام نے بھرپور اتحاد، یکجہتی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے۔

جلسۂ عام سے پارٹی کے سیکریٹری جنرل خورشید کاکاجی، سندھ کے صوبائی صدر سید محمد صدیق آغا، جنوبی پشتونخوا کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اللہ نور خان چیئرمین، نظام خان کاکڑ، پشتونخوا ایس او سندھ کے آرگنائزر محبوب خان مندوخیل اور یونس خان کاکڑ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

اسٹیج سیکریٹری کے فرائض شفیع ترین اور عبدالخالق خان نے سرانجام دیے، جبکہ قراردادیں لطیف خان نے پیش کیں جنہیں جلسۂ عام نے ہاتھ اٹھا کر متفقہ طور پر منظور کیا۔ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت محمد افغان نے حاصل کی۔ اس موقع پر درجنوں افراد نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسۂ عام میں پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے پشتونخوا لائرز فورم کے نومنتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا، جبکہ پشتو کے معروف انقلابی شاعر عبدالحکیم مشعال اور اجمل خان نے انقلابی اشعار پیش کر کے جلسۂ عام کو ولولہ بخشا۔

اس سے قبل جب پارٹی چیئرمین اور دیگر مرکزی و صوبائی عہدیداران جلسہ گاہ پہنچے تو ان کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ جلسۂ عام سے خطاب کے دوران پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا بھی زبردست خیرمقدم کیا گیا۔ اپنے خطاب میں خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنے عوام کے قومی و ملی ارمانوں کی تکمیل کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ میں لاکھوں پشتون آباد ہیں اور پشتون واحد قوم ہے جو کروڑوں کی تعداد میں مسافری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے، حالانکہ پشتونخوا وطن دنیا کے قیمتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال ہے۔ اس کے باوجود پشتون اپنے ہی وطن میں بدامنی، دہشت گردی اور عدم تحفظ کا شکار ہیں، جس کے باعث وہ دیارِ غیر میں رہنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن میں بے روزگاری، بے تعلیمی عام ہے، صنعتی ترقی نہ ہونے کے برابر ہے اور بجلی کے نظام کو دانستہ طور پر تباہ کیا جا رہا ہے۔ کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں بھی پشتون عوام جان و مال کے شدید تحفظی مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کوئی پشتون محفوظ نہیں اور پولیس و انتظامیہ کا رویہ پشتون عوام کے ساتھ غیر منصفانہ اور امتیازی ہے۔
پارٹی چیئرمین نے پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ سندھ اور کراچی میں آباد پشتونوں کو تعلیم، روزگار، شناختی کارڈ، ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ اور دیگر بنیادی شہری دستاویزات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی نام نہاد جنگ میں لاکھوں پشتون شہید ہوئے اور لاکھوں کے گھر تباہ و برباد کیے گئے۔

خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ پشتونخوا وطن میں دنیا کی نایاب اور قیمتی معدنیات موجود ہیں، جن پر ملکی اور عالمی استعماری قوتوں کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ لاکھوں ایکڑ زمین الاٹ کی گئی، مگر پشتون عوام کے لیے تجارت اور ترقی کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیپ پُرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور پشتونخوا وطن سمیت پشتون بلوچ صوبے کی موجودہ صورتحال ملک کے استعماری حکمرانوں، بالخصوص پنجاب کی اشرافیہ کی نوآبادیاتی طرزِ حکمرانی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حالات اسی وقت درست سمت میں جائیں گے جب قوموں کو ان کی قومی وحدتوں پر بااختیار بنایا جائے گا، لہٰذا ملک کے حکمران قوموں کی حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت کو تسلیم کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں قوموں کی برابری اور حقیقی جمہوریت پر مبنی نیا عمرانی معاہدہ اور سیاسی نظام تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کے پاس صرف چار محکمے ہونے چاہئیں جبکہ باقی تمام اختیارات قومی وحدتوں کے حوالے کیے جائیں۔ خوشحال خان کاکڑ نے بلوچ، سندھی اور دیگر محکوم اقوام کی پُرامن سیاسی جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ فریقین پشتونخوا وطن میں جنگی حالات مسلط کرنے سے گریز کریں، کیونکہ پشتونخوا وطن پہلے ہی حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور ناقص طرزِ حکمرانی کے باعث آگ و خون میں جل رہا ہے۔
انہوں نے ممتاز پشتون قوم دوست رہنما علی وزیر کی مسلسل گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور سندھ کی قوم پرست جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ علی وزیر کی رہائی کے لیے جدوجہد میں پشتونخوا نیپ کا ساتھ دیں۔

WhatsApp
Get Alert