یومِ یکجہتی کشمیر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی یاددہانی ہے، جمال شاہ کاکڑ


**کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر محض یکجہتی کا دن نہیں بلکہ عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی ایک اہم یاددہانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات نے پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر دیا ہے، جہاں شہری آزادیوں کو بری طرح کچلا جا رہا ہے اور سماجی و معاشی زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ کشمیری عوام صرف ایک سیاسی تنازع نہیں بلکہ ایک زندہ انسانی المیہ ہیں، جن کی آواز کو طاقت کے زور پر دبایا جا رہا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ محض بیانات تک محدود نہ رہیں بلکہ زمینی حقائق کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی مظالم کو تقویت دیتی ہے، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کو اپنی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون سمجھتا ہے۔ یومِ یکجہتی کشمیر اس عزم کی تجدید ہے کہ مظلوم کشمیری عوام تنہا نہیں ہیں۔
جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی جبر، ریاستی دہشت گردی اور ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال کو عالمی ضمیر کے لیے ایک کھلا چیلنج قرار دیا۔

WhatsApp
Get Alert