یوم یکجہتی کشمیر: کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

**کوئٹہ (قدرت روزنامہ):** وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آزادی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور وہ دن دور نہیں جب یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیری عوام اپنی منزل حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ اس عظیم جدوجہد کے دوران ہزاروں نوجوانوں، بچوں، بزرگوں اور خواتین نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن تبھی ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بنیادی اور دیرینہ تنازعہ ہے، جس کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل پر کشمیر پر قابض ہو کر کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق مسلسل پامال کر رہا ہے اور بے گناہ شہریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے، تاہم یہ مظالم اب عالمی برادری سے چھپائے نہیں جا سکتے اور نہ ہی کشمیری عوام کی آواز کو مزید دبایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خودارادیت دلوانے میں مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو پاکستان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت ماضی میں بھی حاصل رہی ہے اور آئندہ بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اور بلوچستان کے عوام بھی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی، مقبوضہ کشمیر بھارتی ریاستی جبر سے آزاد ہوگا اور دنیا کے افق پر ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر ابھرے گا۔
